دھوکا دینے والی ناکارہ کمپنی پھر سے نۓ بھیس میں نہ آئے، اس بات پر اب شہر کی عوام کو خاص نظر رکھنی ہوگی۔
سال 2024 فروری مہینے میں مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن نے شہر بھر میں 5 سال مدت کیلئے کچرا صفائی کا نیا ٹینڈر لگ بھگ 78 کروڑ روپے لاگت کا نکالا ہے۔
اس سے قبل 2013 میں ناشک شہر کی واٹرگریس کمپنی کو 10 سالوں کیلئے تقریباً 60 کروڑ روپوں کا صفائ ٹھیکہ دیا گیا تھا، اور جراثیم کش دواؤں کے چھڑکاؤ اور گٹروں کی صفائی کیلئے الگ سے 5 کروڑ روپوں کا ایک ٹھیکہ دِگوجۓ کمپنی کو 5 سال کیلئے دیا گیا تھا۔ ان دونوں فرم کی انتہائی خراب کارکردگی عوام کے سامنے ہے، واٹرگریس کمپنی نےغیر ذمے دارانہ طریقے سے کام کرتے ہوئے بدعنوان افسران اور لیڈروں کی مدد سے کروڑوں کے بِل پاس کرواتے ہوئے کھلے عام عوامی خزانہ کی لُوٹ مار کی۔
واٹرگریس اور دِگوجئے کمپنی کی ناقص کارکردگی کی وجہ سے شہر میں ہزاروں افراد بالخصوص بچے ایک بڑی تعداد میں ڈینگو، ملیریا، ڈائریا اور وائرل فیور جیسی مہلک بیماریوں کے شکار ہوۓ۔
نۓ ٹینڈر کی سرسری تفصیل دیکھی جاۓ تو صرف پانچ سال کیلئے 78 کروڑ یعنی ماہانہ 1 کروڑ 30 لاکھ روپیہ، یعنی ہر دن لگ بھگ 4 لاکھ 30 ہزار روپے کچرا صفائی کیلئے کارپوریشن سے ادا کۓ جائیں گے۔
اس کا مطلب پچھلے صفائی ٹھیکے میں روزآنہ لگ بھگ 1 لاکھ 70 ہزار روپے صفائی پر خرچ کۓ جاتے رہے اور اب اُسی کام کیلئے کم و بیش 4 لاکھ 30 ہزار روپوں کا خرچ ہوگا یعنی تین گنا زیادہ پیسے ادا کئے جائیں گے، آخر کیوں؟
اسلئے مفاد عامہ میں اس بات کی تفتیش اب انتہائی ضروری ہے کہ آخر اُسی کام کیلئے اتنی زیادہ رقم کیوں طے کی گئی؟
واٹر گریس کمپنی کی سنگین بدعنوانیوں کو لے کر مہاراشٹر لوک آیوکت میں محمد یوسف عبداللہ صاحب (انکم ٹیکس وکیل) نے تفصیلی پٹیشن داخل کی، جس کے ضمن میں لوک آیوکت آف مہاراشٹر نے مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن سے تفصیل طلب کی، لیکن کارپوریشن سے صفائی کی فائلیں غائب ہونے کی خبریں گردش کرنے لگیں، جو ایک معمہ بنا ہوا ہے اور دوسری طرف قوم و ملت کی ہمدردی کا ڈھونگ کرنے والے بدعنوان سیاسی لیڈران مگرمچھ کے آنسو بہا رہے ہیں، لیکن عوام اب حقیقت جان چکی ہے۔
خرچ کی شرح حد سے زیادہ بڑھ جانے پر عوام اور کارپوریشن کے خزانے پر بہت زیادہ بوجھ پڑے گا اور پھر سے ٹھیکے داروں اور ان کے حصے داروں کی چاندی ہوگی اس لیے عوام اور تنظیمیں صرف خاموش تماشائی نہ بنتے ہوئے اس سنگین مسئلے کو لے کر ضرور آواز اٹھائیں اور اپنے ذمے دار شہری ہونے کا ثبوت دیں، اس سے پہلے کہ پھر سے بہت دیر ہوجائے۔
فورتھ فرنٹ ٹیم
0 تبصرے