پھگواڑہ میں لنچ، شنبھو بارڈر پر ڈنر ... ٹریکٹر ٹرالی لے کر ہریانہ کی طرف بڑھ رہے کسان (کچھ خاص تصویری جھلکیاں)

 چندی گڑھ سے متصل موہالی میں کسان لیڈر میٹنگ کر رہے ہیں اس میٹنگ کے بعد کسان چندی گڑھ کے سیکٹر 26 میں مرکزی وزراء کے ساتھ میٹنگ کریں گے۔ فی الحال کسانوں کو روکنے کے لئے ہریانہ کی سبھی سرحدیں بند کر دی گئی ہیں۔

چندی گڑھ : پنجاب کے کسانوں نے دہلی کی طرف کوچ کردیا ہے۔ پنجاب کے کئی اضلاع سے کسان ٹریکٹر ٹرالیوں کے ساتھ ہریانہ کی طرف بڑھے ہیں۔ اسی سلسلے میں پنجاب کے بیاس سے کسان پوری تیاری کے ساتھ امبالہ کی طرف بڑھ رہے ہیں اور یہ قافلہ امرتسر دہلی قومی شاہراہ پر رواں دواں ہے۔

معلومات کے مطابق کسانوں نے پنجاب کے پھگواڑہ میں دوپہر کا کھانا کھایا ہے اور وہ شنبھو بارڈر پر رات کا کھانا کھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ کسان راج پورہ سے لدھیانہ اور کھنہ کے راستے امبالہ کی طرف مارچ کریں گے۔

انبالہ سے متصل پنجاب کے سنگرور سے 20 کلومیٹر دور کھنوری کے راستے پر واقع محلہ چوک گاؤں کی اناج منڈی میں ہزاروں کسان ٹریکٹروں کے ساتھ جمع ہیں اور یہاں سے ایک بڑے قافلے میں دہلی کی طرف روانہ ہوں گے۔

ہریانہ پولیس نے شنبھو بارڈر کو بند کر دیا ہے اور ایسے میں ٹریفک کو راج پورہ سے زیرک پور اور پھر وہاں سے ڈیراباسی سے پہلے بروالا کی طرف موڑ دیا جا رہا ہے اور وہاں سے لوگ ہریانہ میں داخل ہو سکتے ہیں۔

پولس انتظامیہ نے دہلی اور ہریانہ کی ٹکری بارڈر پر کسانوں کو روکنے کے لیے ٹھوس انتظامات کرنا شروع کر دئے ہیں۔ ٹکری بارڈر کے ساتھ لگے میٹرو ریل کے ستونوں پر سی سی ٹی وی کیمرے لگائے گئے ہیں۔ پولس انتظامیہ نے نظام کو سنبھالنے کے لیے اپنا کیمپ لگا دیا ہے اور دہلی سے بہادر گڑھ آنے والی سڑک کو بھی رکاوٹوں کے ذریعے تنگ کر دیا گیا ہے۔

شام تک ٹکری بارڈر پر نیم فوجی دستوں کی ایک کمپنی بھی تعینات کی جا سکتی ہے۔ یہی نہیں، دہلی پولیس نے سیکورٹی انتظامات کو مضبوط بنانے کے لیے حکومت سے اضافی سیکورٹی فورسز کی 20 کمپنیوں کا مطالبہ کیا ہے۔

کسانوں کی تحریک کی صورتحال کے مطابق پنجاب اور ہریانہ سے ملحق چندی گڑھ کے 11 داخلی اور خارجی بیریئرز کو بند کیا جا سکتا ہے۔ چندی گڑھ کے ان داخلی خارجی راستوں پر آنے سے بچنے کے لیے عام لوگوں کے لیے ایک ایڈوائزری جاری کی گئی ہے۔

ہریانہ پولیس نے ٹریفک ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے کہا کہ دہلی مارچ کی کال کے پیش نظر عام لوگوں کو مطلع کیا جاتا ہے کہ چندی گڑھ سے دہلی جانے والے مسافروں کو چاہئے کہ وہ پنچکولہ، بروالا، ساہا، شاہ آباد، کروکشیتر یا پنچکولہ کے راستے اپنا راستہ اختیار کریں۔

اسی طرح دہلی سے چنڈی گڑھ کیلئے کرنال، اندری، لاڈوا، یمنا نگر (NH-344)، پنچکولہ یا کروکشیتر، شاہ آباد، ساہا، بروالا، پنچکولہ کے راستے اپنی منزل پر پہنچیں۔ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال کی صورت میں ڈائل 112 پر رابطہ کریں۔

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے