اتر پردیش میں گرمی کی لہر شدید جان لیوا ثابت ہورہی ہے۔۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران یوپی کے مختلف اضلاع میں ہیٹ ویو سے مجموعی طور پر 81 افراد جاں بحق ہوئے جب کہ متعدد مریض اب بھی اسپتال میں داخل ہیں۔ جون کے مہینے میں ہیٹ اسٹروک کے کیسز میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ اسپتالوں میں مریضوں کی لمبی لائنیں دیکھنے کو مل رہی ہیں۔ بیڈز کی تعداد کو دیکھتے ہوئے صرف ان مریضوں کو داخل دیا جا رہا ہے جن کی حالت تشویشناک ہے۔ جن مریضوں کی حالت کچھ مستحکم دکھائی دے رہی ہے ان کو ادویات دے کر گھر بھیج دیا جا رہا ہے۔(جاری)
اتر پردیش کے محکمہ صحت کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق صرف کانپور میں ہیٹ ویو کی وجہ سے 13 لوگوں کی موت ہو چکی ہے۔ فتح پور میں12، چترکوٹ میں9، اناؤ میں 6، بندہ میں 4، اورائی میں6، اٹاوہ اور بریلی میں 1-1، پریاگ راج اور کوشامبی ضلع میں1-1 اور پرتاپ گڑھ میں 4 افراد گرمی کی لہر سے فوت ہوگئے ہیں۔ وارانسی، ماؤ، غازی پور، مرزا پور، چندولی، جونپور، بلیا، سون بھدر میں کل 23 لوگوں کی جان چلی گئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چار روز تک گرمی کی لہر سے ریلیف کے کوئی آثار نظر نہیں آ رہے ہیں۔ بیشتر اضلاع میں گرمی کی لہر کے حوالے سے ریڈ الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔(جاری)
کانپور میں گرمی کی لہر سے 13 لوگوں کی موت ہو گئی
شدید گرمی کی لہر کانپور سمیت پورے گنگا۔یمنا کے میدانی علاقوں کو جھلس رہی ہے۔ کانپور میں ڈیوٹی کے دوران ایک ہیڈ کانسٹیبل شدید گرمی کی وجہ سے ہانپ کر نیچے گر گیا۔ اس کے ساتھ موجود پولیس اہلکار اسے اسپتال لے جانے کے بجائے اس کی ویڈیو بناتا رہا۔ لوگوں نے احتجاج کیا تو ہیڈ کانسٹیبل کو اسپتال لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے ا نہیں مردہ قرار دے دیا۔ اگر ہم کانپور کی بات کریں تو یہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں سب سے زیادہ اموات ہوئی ہیں۔ گرمی کی لہر سے مجموعی طور پر 13 افراد جان کی بازی ہار گئے۔(جاری)
گرمی کی لہر سے بیمار ہو رہے ہیں لوگ
اس شدید گرمی میں بخار، چکر آنا اور سر درد کے مسائل عام ہو گئے ہیں۔ ان مسائل کی وجہ سے لوگ فوت ہورہے ہیں۔ گرمی کی لہر سے کام پر نکلنے والے لوگ بیمار ہو رہے ہیں۔ اس کے زیادہ تر مریض اسپتالوں میں پہنچ رہے ہیں۔ اسپتالوں میں بھیڑ اچانک بڑھ گئی ہے۔ ایسے میں ڈاکٹرز بھی الرٹ موڈ پر ہیں۔ مریضوں کی حالت دیکھ کر انہیں اسپتالوں میں داخل کیا جا رہا ہے۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ لوگ زیادہ سے زیادہ احتیاط کریں۔ جتنا ممکن ہو دن کے وقت باہر نکلنے سے گریز کریں ۔(جاری)
نوئیڈا میں گرمی کی لہر سے 14 لوگوں کی موت
وہیں گوتم بدھ نگر (نوئیڈا) میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مشتبہ حالات میں 14 افراد کی موت ہوئی ہے۔ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ لوگ گرمی کی لہر کے باعث ہلاک ہوئے ہوں گے۔ پورے ضلع سے 6 سے 7 نامعلوم لاشیں ملی ہیں۔ یہ تمام لاشیں تھانہ سیکٹر-142، ایکسپریس وے تھانے، تھانہ سیکٹر-24، تھانہ سیکٹر-58، کوتوالی-39، فیز-2 تھانے، کوتوالی سیکٹر-126، فیز-1 تھانے کے علاقوں سے ملی ہیں۔نوئیڈا کی سی ایم او رینو اگروال کا کہنا ہے کہ موت کی اصل وجہ پوسٹ مارٹم کے بعد معلوم ہوگی۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 14 لاشیں ضلع اسپتال پہنچی ہیں۔ تاہم سی ایم او رینو اگروال نے گرمی اور سن اسٹروک سے ہونے والی موت سے انکار نہیں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اموات کی وجہ گرمی یا ہیٹ اسٹروک بھی ہو سکتی ہے تاہم صورتحال پوسٹ مارٹم کے بعد واضح ہو گی۔
0 تبصرے