دسویں کے بعد ٹیکسٹائل انجینئرنگ و ٹیکنالوجی شعبہ میں کریئر کے بہترین مواقع ہیں
مالیگاؤں ( پریس ریلیز) مولانا مختار احمد ندوی ٹیکنیکل کیمپس کے زیر اہتمام ایک پریس کانفرنس بعنوان پولی ٹیکنیک کالج میں ٹیکسٹائل انجینئرنگ ڈپلومہ کورس کا آغاز کا انعقاد بوز سنیچر 15 جون 2015 کو اردو میڈیا سینٹر قدوائی روڈ پر کیا گیا۔ اس پریس کانفرنس میں جامعہ محمدیہ کے صدر جناب ارشد مختار صاحب نے خطاب کیا۔ ان کے ساتھ سیکریٹری راشد مختار نے بھی تبادلہ خیال کیا۔ مولانا ارشد مختار نے کہا کہ ٹیکسٹائل انڈسٹری کا شمار ملک کی قدیم صنعتوں میں ہوتا ہے۔ پارچہ بافی (ٹیکسٹائل) مالیگاؤں کی سب سے بڑی و قدیم صنعت ہے ۔ آزادی کے بعد مالیگاؤں میں پارچہ بافی ، ہینڈ لوم سے کی جاتی تھی۔ بعد ازاں پاور لوم کا چلن بڑھ گیا۔ جس کی مدد سے سوتی کپڑے، پالیسٹر کپڑے اور رنگین کپڑے تیار کئے جانے لگے۔ آج بھی مالیگاؤں میں غیر منظم طریقہ سے ہزاروں چھوٹے کارخانے جاری ہیں۔نیز اس شعبے میں مالیگاؤں ترقی کی جانب گامزن ہے۔(جاری)
پارچہ بافی، انجینئرنگ کا ایک ایسا شعبہ ہے جس میں ترقی کے بے شمار مواقع ہیں اور اس شعبے میں تعلیم یافتہ نوجوانوں کے لیے روزگار اور ترقی کے روشن مواقع موجود ہیں۔ پارچہ بافی کی تعلیم حاصل کرکے اندرون ِ ملک ہی نہیں بلکہ بیرون ِ ملک بھی روزگار حاصل کیا جا سکتا ہے ۔ اس میں روزگار ، خود مختار کاروبار ، سرکاری و غیر سرکاری ، ملکی و غیر ملکی تجارتی کمپنیوں میں بھی پر کشش ملازمتوں کے مواقع ہوتے ہیں۔ ٹیکسٹائل انجینئرنگ کی تعلیم بڑی اہمیت اور افادیت کی حامل ہے۔ ٹیکسٹائل انجینئرنگ میں ڈپلومہ کورس کے لیے طلباء کا کم سے کم دسویں کامیاب ہونالازمی ہے۔ٹیکسٹائل انجینئرنگ کا ڈپلومہ کورس 3 سالہ ہوتا ہے۔
جناب راشد مختار نے کہا کہ جامعہ محمدیہ ایجوکیشن سو سائٹی ( ممبئی) کے زیر اہتمام جاری مولانا مختار احمد ندوی ٹیکنیکل کیمپس(منصورہ) میں ٹیکسٹائل انجینئرنگ کے شعبہ میں اس برس ٹیکسٹائل مینوفیکچررس ڈپلومہ کورس کی شروعات ہو رہی ہے۔ اس تین سالہ ٹیکسٹائل مینوفیکچررس ڈپلومہ میں داخلے کیلئے طلبہ کا دسویں کامیاب ہونا لازمی ہے۔ یہ کورس چھ سیمسٹر پر مبنی ہے جس کے نصاب میں سال اوّل میں انگلش، میتھس، فزکس،کیمسٹری، انجینئرنگ میٹیریلز، تھیوری آف مشین، ٹیکسٹائل را مٹیریل ، تھرموڈائنامکس انجینئرنگ، ڈرائنگ اور گرافکس، ورک شاپ پریکٹس اور دیگر مضامین شامل ہیں۔(جاری)
دوسرے سال میں اسپننگ، ویونگ ٹیکسٹائل ٹیسٹنگ، ٹیکسٹائل میکینکس، ٹیکسٹائل کیمسٹری، الیکٹرانکس اور آرگینک کیمسٹری کے مضامین شامل ہیں۔ اس کے علاوہ اسٹیٹکس اینڈ کوالٹی کنٹرول، ٹیکسٹائل فزکس، اسپننگ پروسیس، فیبرک اسٹرکچر، بلیچنگ اینڈ ڈائینگ، پولیمر کیمسٹری، الیکٹروٹیکنیکس، یارن پروڈکشن اور انٹرنشپ شامل ہیں۔
تیسرے سال کے دوران طلبہ ٹیکسٹائل انجینئرنگ، ٹیکسٹائل ٹیسٹنگ، اسپننگ پروسیس اینڈ پلاننگ، اسپننگ پریپریشن اینڈ کیلکولیشنز، ویونگ تھیوری اینڈ پریکٹس، ویونگ کیلکولیشنز، ڈائی اسٹف کیمسٹری، ٹیکسٹائل کیمیکل اینالیسز، پروڈکشن اینڈ پلاننگ ان ٹیکسٹائل فنشنگ، فایبر فزکس ، اکنامک مینجمنٹ، یارن پروڈکشن اینڈ پلاننگ، یارن پروڈکشن کیلکولیشنز، ایڈوانس اسپننگ اسٹیڈیز، اسپننگ پروجیکٹ ، فایبر اسٹرکچر اینڈ ٹیکسٹائل ڈیزائننگ، فیبرک اینالیسز اینڈ پروڈکشن، ویونگ پروجیکٹ، ٹیکسٹائل پرنٹنگ، بلیچنگ اینڈ ڈائینگ اور ٹیکسٹائل پروجیکٹ شامل ہیں۔(جاری)
جامعہ محمدیہ ایجوکیشن سوسائٹی کے صدر جناب ارشد مختارصاحب کی ایماء پر پولی ٹیکنیک کالج میں دو نئی برانچ ،ٹیکسٹائل مینو فیکچررس اور الیکٹرانکس اینڈ کمپیوٹر انجینئرنگ ڈپلومہ کی شروعات کی گئی ہے۔ ان دونوں کورسیس کو شروعات کرنے میں سیکریٹری جناب راشد مختارصاحب نے ایک مقصد کے تحت تمام تر سہولیات ، اسٹاف، لیباریٹری، کلاس روم اور کورس کی منظوری دلانے میں عملی پہل کی۔ ان دونوں کورسیس کی شروعات کرنے پر ڈاکٹر شاہ عقیل احمد ( پرنسپل، ڈگری کالج)، ڈاکٹر محمد اظہر( پرنسپل ، پولی ٹیکنیک)، ڈاکٹر سلمان بیگ( ڈین اکیڈمکس)، ڈاکٹر نوید حسین ( ڈین ریسرچ)، ڈاکٹر دلاور حسین ( ڈین اڈمیشن)، ڈاکٹر فہد اقبال ( ڈین آئی کیو اے سی) اور اسٹاف انجینئرنگ کالج کی جانب سے ادارہ انتظامیہ کو مبارکباد پیش کی گئی۔
اس پریس کانفرنس میں ڈپلومہ کالج کے پرنسل ڈاکٹر یعقوب انصاری، ڈاکٹر ساجد انصاری، ڈاکٹر ماجد کتھے والے، پروفیسر عدیل انصاری و دیگر اسٹاف نے شرکت کی۔
0 تبصرے