نئی دہلی: کانگریس لیڈر راہول گاندھی کیرالہ کی وایناڈ لوک سبھا سیٹ سے استعفیٰ دیں گے اور وہ لوک سبھا میں رائے بریلی کی نمائندگی کریں گے۔ کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا راہل گاندھی کی جانب سے خالی چھوڑی گئی وایناڈ لوک سبھا سیٹ سے الیکشن لڑیں گی۔ کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے پیر کو یہ جانکاری دی۔ کھرگے ، اپنی رہائش گاہ پر کانگریس کی اعلیٰ قیادت سے میٹنگ کے بعد نامہ نگاروں سے بات کر رہے تھے۔(جاری)
کانگریس صدر نے کہا، ‘‘راہل گاندھی دو لوک سبھا سیٹوں سے جیتے ہیں، لیکن قانون کے مطابق انہیں ایک سیٹ چھوڑنی ہوگی۔ راہل گاندھی رائے بریلی کی سیٹ اپنے پاس رکھیں گے اور ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ پرینکا وایناڈ سے الیکشن لڑیں گی۔ کانگریس پارلیمانی پارٹی کی صدر سونیا گاندھی، راہول گاندھی اور پارٹی کے جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال اور پرینکا گاندھی واڈرا بھی میٹنگ کے دوران موجود تھے۔(جاری)
کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے 2024 کے عام انتخابات میں دو لوک سبھا سیٹیں (وایناڈ اور رائے بریلی) جیتی تھیں، جس کے بعد یہ قیاس آرائیاں کی جارہی تھیں کہ وہ کون سی سیٹ برقرار رکھیں گے۔ تاہم، کانگریس کیرالہ یونٹ کے سربراہ کے. سدھاکرن نے پہلے ہی اشارہ دیا تھا کہ کانگریس لیڈر وائناڈ سیٹ چھوڑ دیں گے اور ایسا ہی ہوا۔(جاری)
حال ہی میں ختم ہونے والے لوک سبھا انتخابات میں راہول گاندھی نے وایناڈ حلقہ سے بڑی کامیابی حاصل کی، اپنے قریبی حریف اور سی پی آئی امیدوار اینی راجہ کو 3,64,422 ووٹوں کے فرق سے شکست دی۔ راہل گاندھی نے بھی رائے بریلی سے الیکشن لڑا اور جیت گئے۔ انہوں نے بی جے پی امیدوار دنیش پرتاپ سنگھ کو 3,90,030 ووٹوں کے فرق سے شکست دے کر گاندھی خاندان کی روایتی سیٹ برقرار رکھی۔
0 تبصرے