راموجی راؤ کو صحافت کی دنیا میں ایک اعلیٰ مقام حاصل تھا: سنیئر جرنلسٹ ظہور خان
راموجی راؤ نے سب سے پہلے اردو کا سٹیلائٹ چینل ای ٹی وی اردو شروع کیا تھا : ڈرامہ نگار عزیز اعجاز
مالیگاؤں (پریس ریلیز) راموجی گروپ کے بانی و چیئرمین راموجی راؤ کا انتقال 8 جون 2024 کو ہوا۔ انکی آخری رسومات آج رامو جی فلم سٹی میں سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی گئیں۔ مرحوم کی یاد میں ملک بھر کی ریاستوں میں بروز جمعرات 20 جون 2024 کو خراج عقیدت پیش کی گئی۔ اسی سلسلہ میں شہرمالیگاؤں کے ای ٹی وی اردوکے سابق و موجودہ نمائندوں کی جانب سے تقریب خراج عقیدت اردو میڈیا سینٹر، قدوائی روڈ مالیگاؤں میں منعقد کی گئی۔ اس تقریب میں شہر کے اردو میڈیا سے منسلک صحافیوں نے راموجی راؤ کو خراج عقیدت پیش کی.
تقریب کے صدر جناب ظہور خان (سنیئر جرنلسٹ، ای ٹی وی اردو، نیو ایٹین) نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ راموجی راؤ راموجی گروپ اور ایناڈو گروپ آف کمپنیز کے چیئرمین تھے۔ راموجی راؤ کو صحافت کی دنیا میں ایک اعلیٰ مقام حاصل ہے۔ راموجی راؤ کو علاقائی زبانوں میں نیوز اور انٹرٹینمنٹ ٹیلی ویژن چینل شروع کرنے والے پہلی شخصیت کے طور پر جانا جاتا ہے۔(جاری)
اس موقع پر صحافی و ڈرامہ نگار عزیز اعجاز نے کہا کہ راموجی راؤ کو اردو کے خیرخواہوں میں ایک اعلیٰ مقام حاصل ہے۔ راموجی راؤ نے سب سے پہلے اردو کا سٹیلائٹ چینل ای ٹی وی اردو شروع کیا تھا۔ اردو طبقہ راموجی راؤ کو محب اردو مانتا ہے۔ ایناڈو اخبار کے علاوہ ای ٹی وی چینلز، 13 زبانوں میں ای ٹی وی بھارت پورٹل بھی چلائے جا رہے ہیں۔ راموجی راؤ نے صحافت میں کبھی سمجھوتہ نہیں کیا اور ہمیشہ خبروں کو لے کر غیر جانبدار رہے۔
اس موقع پر ای ٹی وی اردو کے سابق نیوز رپورٹرس میں ایس این انصاری نے کہا کہ مالیگاؤں کے تقریباً دس سے زائد صحافیوں نے اپنے کریئر و روزگار کی شروعات ای ٹی وی اردو سےکی ہے۔جن میں امتیاز خلیل، ظہور خان، محی الدین، ایس این انصاری، عبداللہ انصاری، نعمان انصاری، آفتاب عالم، محمد اشرف اور دیگر شامل ہیں۔ ای ٹی وی اردو اور بعد میں ای ٹی وی بھارت ( اردو) جو ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعے صحافتی خدمات انجام دی جا رہی ہے رامو جی راؤ کی دین ہےاور ان کی عظیم شخصیت کا ایک اہم پہلو ہے۔ انھوں نےمختلف زبانوں کے ساتھ اردو کو بھی ساتھ میں جوڑے رکھا۔ ملک ہندوستان میں اردو زبان کی ترقی و فروغ میں ای ٹی وی اردو بھی ایک اہم ذریعہ رہا ہے۔
اخیر میں ای ٹی وی بھارت (اردو ) کے موجودہ نمائندہ عبداللہ انصاری نے خراج عقیدت کے ساتھ رسم شکریہ ادا کیا۔ اس تقریب میں شہر کے معروف صحافیوں میں اخلاق انصاری ( آواز میڈیا)، مصطفیٰ انصاری ( محاذ)، مستقیم شاہ( یو ٹیوبر)، عرفان شیخ ( یوٹیوبر) ، اعجاز احمد ( خادم ، اردو میڈیا سینٹر) و دیگر صحافیوں نے شرکت کی۔
0 تبصرے