اترپردیش، مہاراشٹر سمیت ان ریاستوں میں بارش کا قہر، بند ہوئے سبھی اسکول، ہائی الرٹ جاری

 

نئی دہلی : اپریل سے جون تک شدید ہیٹ ویو کا سامنا کرنے کے بعد اب مانسون ملک میں داخل ہو چکا ہے۔ جس طرح اس سال گرمی سے لوگ پریشان تھے، اب بارش بھی اسی طرح تباہی مچا رہی ہے۔ ملک کی مختلف ریاستوں میں موسلادھار بارش کے باعث آرینج اور ریڈ الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ مہاراشٹر کی راجدھانی ممبئی میں ریکارڈ سطح سے زیادہ بارش ہو رہی ہے۔ ممبئی سمیت کئی شہروں میں شدید بارش کی وجہ سے اسکول بند کردیئے گئے ہیں۔(جاری)

آئی ایم ڈی نے ممبئی میں بہت بھاری بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ 8 جولائی کی دوپہر 1.57 بجے کے قریب سمندر میں 4.40 میٹر اونچی لہر بھی آئے گی۔ اس صورتحال میں احتیاط برتتے ہوئے ممبئی میں واقع سبھی بی ایم سی اسکولوں، سرکاری اسکولوں ، نجی اسکولوں اور کالجوں میں تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔ بتادیں کہ کئی اسکول اور کالج دو سیشنوں میں چلائے جاتے ہیں۔ ممبئی کے اسکول آج دونوں سیشنوں میں بند رہے ۔(جاری)

ہائی الرٹ پر ممبئی کی ایمرجنسی سروسز

ریاست کے وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے مہاراشٹر اور بالخصوص ممبئی میں شدید بارش کے حوالے سے اپنا بیان جاری کیا ہے۔ انہوں نے میڈیا کو بتایا کہ ممبئی میں آج بہت زیادہ بارش ہوئی ، جس کی وجہ سے ٹریفک اور ریلوے ٹریک پر پانی بھر گیا ہے۔ ایسے میں سبھی ایمرجنسی سروسز کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ ممبئی کی بارش کی تصاویر بھی سوشل میڈیا پر ٹرینڈ کر رہی ہیں۔ وہاں کے بیشتر علاقوں میں سیلاب جیسے حالات ہیں۔(جاری)

 اتر پردیش کے کئی اضلاع میں بارش کا ییلو الرٹ

اتر پردیش کے کئی اضلاع میں 4-5 دنوں سے مسلسل موسلادھار بارش ہو رہی ہے۔ محکمہ موسمیات نے مشرقی یوپی سمیت 10 اضلاع میں بارش کے لیے ییلو الرٹ جاری کیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی 40 سے زائد اضلاع میں ہلکی سے درمیانی بارش کا امکان ہے۔ اتر پردیش کے بریلی، پیلی بھیت اور شاہجہاں پور میں واقع سبھی اسکولوں میں آٹھویں جماعت تک کی کلاسیں ملتوی کر دی گئی ہیں۔ یہاں کے اسکول 9 جولائی تک بند رہیں گے۔ دیگر اضلاع میں بھی بارش کے پیش نظر اسکول بند رکھنے کے احکامات جاری کئے جا سکتے ہیں۔(جاری)

اتراکھنڈ، ہماچل پردیش میں بارش نے مچائی تباہی

اتراکھنڈ اور ہماچل پردیش میں شدید بارش کا ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ بارش کے پیش نظر کئی ضلع مجسٹریٹس نے اسکولوں اور آنگن واڑی مراکز میں چھٹیوں کا حکم دیا ہے۔ مانسون کے موسم میں شدید بارش کے پیش نظر دہرادون کے ضلع مجسٹریٹ نے قدرتی آفت اور راحت رسانی کے کاموں سے متعلق تمام محکموں کے اہم ملازمین اور افسران کی چھٹیاں منسوخ کر دی ہیں۔ پہاڑی علاقوں میں بارش کی وجہ سے چاردھام یاترا بھی متاثر ہوئی ہے۔


ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے