مالیگاوں / گزشتہ دنوں موسم ندی اور گرنا ندی میں سیلابی کیفیت پیدا ہونے کے بعد بہاؤ کم ہوگیا ہے ۔ ندی اب خطرے کے نشان سے دور ہوچکی ہے ۔لیکن مستقبل قریب میں موسلادھار اور طوفانی بارش ہونے کے اندیشے کے ساتھ شہر کی موسم ندی اور گرنا ندی کے کناروں پر بسنے والی 18 بستیوں کے ساکنین کو ان علاقوں سے ہٹا کر محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائیگا ۔(جاری)
اس ضمن میں حاصل تفصیلات کے مطابق کلون تعلقہ میں جاری زور دار بارش کی وجہ سے ڈیموں کی سطح آب میں زبردست اضافہ دیکھا جارہا ہے ۔ اس کو مد نظر رکھتے ہوئے ایسا اندیشہ ہیکہ مالیگاوں شہر کی گرنا ندی اور موسم ندی میں پانی چھوڑے جانے کے بعد سیلابی کیفیت پیدا ہوسکتی ہے ۔ اور اسی تناظر میں ان ندیوں کے کنارے بسنے والی 18 بستیوں کو زبردست نقصان پہنچے گا ، جس سے بچنے کیلئے ان 18 علاقوں کے ساکنین کو محفوظ مقامات پر بھائیگاوں اسکول ، آدی واسی ہال ، کے بی ایچ ہائی اسکول ، بال گنگا دھر ٹاؤن ہال اور کارپوریشن کے اسکولوں میں ٹھہرایا جائے گا ۔ اور انہیں تمام سہولیات فراہم کی جائیگی ۔(جاری)
ایسے حالات میں مالیگاوں کارپوریشن نے علاقے کی عوام کو بیدار رہنے کا مشورہ دیا ہے ۔ اس مشکل کی تیاری کرتے ہوئے کارپوریشن نے 30 جوانوں کا رستہ تیار کیا ہے ۔ طوفانی بارش میں سیلابی کیفیت کے وقت یہ 30 رکنی دستہ مالیگاوں شہر میں بچاؤ کا کام کریگا ۔ معلوم ہوکہ چنکاپور ڈیم ، ہرن باری ڈیم میں وافر مقدار میں پانی جمع ہوگیا ہے ، اور آہستہ آہستہ پانی چھوڑنے کا عمل جاری ہے ، ایسے حالات میں کبھی بھی ندی کنارے بسنے والی عوام کو دشواری کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ۔ وہیں پانی کی بے حساب دستیابی کو دیکھتے ہوئے مالیگاوں شہر کی عوام دو دن یا ایک دن ناغہ سے پانی سپلائی کرنے کی مانگ کررہی ہے ۔
0 تبصرے