جموں : عام آدمی پارٹی (اے اے پی) نے جموں و کشمیر میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کے لیے اپنے اسٹار کمپینرز کا اعلان کردیا ہے، جس میں تہاڑ جیل میں بند دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال اور ستیندر جین کے نام بھی شامل ہیں ۔ دہلی کے وزیر اعلی کی اہلیہ سنیتا کیجریوال، پنجاب کے وزیر اعلی بھگونت مان، منیش سسودیا، سنجے سنگھ بھی جموں و کشمیر انتخابات کے لیے عآپ کے اسٹار کمپینرز کی فہرست میں شامل ہیں۔ جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات تین مراحل میں ہوں گے – 18 ستمبر، 25 ستمبر اور یکم اکتوبر – اور نتائج کا اعلان 4 اکتوبر کو کیا جائے گا۔(جاری)
اس کے علاوہ عام آدمی پارٹی نے جموں وکشمیر اسمبلی انتخابات کیلئے اپنے سات امیدواروں کے ناموں کا بھی اعلان کیا ہے ۔ پارٹی نے پلوامہ سے فیاض احمد صوفی، راجپورہ سے مدثر حسن، دیوسر سے شیخ فدا حسین، ڈورو سے محسن شفقت میر، ڈوڈہ سے معراج دین ملک، ڈوڈہ ویسٹ سے یاسر شفیع مٹو اور بانیہال سے مدثر عظمت میر کو اپنا امیدوار اعلان کیا ہے ۔(جاری)
بتادیں کہ کجریوال کو انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے 21 مارچ کو مبینہ دہلی ایکسائز پالیسی گھوٹالہ کیس میں گرفتار کیا تھا اور ٹرائل کورٹ نے منی لانڈرنگ کیس میں 20 جون کو انہیں ضمانت دی تھی۔ تاہم ہائی کورٹ نے نچلی عدالت کے حکم پر روک لگا دی تھی۔ اس کے بعد سپریم کورٹ نے انہیں منی لانڈرنگ کیس میں 12 جولائی کو عبوری ضمانت دے دی، لیکن پھر سی بی آئی نے کیجریوال کو کرپشن کیس میں گرفتار کر لیا۔(جاری)
کیجریوال نے انہیں ضمانت سے انکار کئے جانے اور کیس میں سی بی آئی کے ذریعہ اپنی گرفتاری کے خلاف دو الگ الگ درخواستیں دائر کی ہیں۔ کیجریوال نے دہلی ہائی کورٹ کے 5 اگست کے حکم کو چیلنج کیا ہے۔ 14 اگست کو سپریم کورٹ نے کیس میں کیجریوال کو عبوری ضمانت دینے سے انکار کر دیا تھا اور ان کی گرفتاری کو چیلنج کرنے والی درخواست پر تفتیشی ایجنسی سے جواب طلب کیا تھا۔(جاری)
0 تبصرے