غزہ پر زائد 10 مہینوں سے جاری اسرائیلی حملوں میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 40 ہزار کے قریب پہنچ گئی ہے ۔ جن میں 27 ہزار سے زیادہ بچے اور خواتین شامل ہیں ۔ اتنا ہی نہیں شہیدوں میں 24 فیصد کی عمریں 18 سے 29 سال کے درمیان ہیں۔ پیر کو اسرائیلی حملوں کے 311 ویں دن انتظامیہ کی جانب سے جاری کئے گئے اعدادوشمار کے مطابق 4 اکتوبر سے شروع ہونے والے اسرائیلی حملوں میں تل ابیب غزہ کی 8.1 فیصد ابادی کو ختم کر چکا ہے۔ (جاری)
غزہ میں وزرات صحت شہید ہونے والوں کی تعداد ہر روز جاری کرتی ہے ۔ مگر بچوں اور خواتین کی تعداد وقتاً فوقتاً جاری کی جاتی ہے۔ پیر کو جاری کئے گئے اعدادوشمار کے مطابق اسرائیلی حملوں میں مجموعی طور پر 39 ہزار 897 افراد جاں بحق اور 96 ہزار 56 زخمی ہوچکے ہیں ۔ جاں بحق ہونے والوں میں 16 ہزار 486 بچے اور 11 ہزار 88 خواتین ہیں ۔ (جاری)
یعنی اسرائیل بھلے ہی دعویٰ یہ کررہا ہو کہ اس کے نشانے پر حماس کے جنگجو ہیں مگر اس نے 10 مہینوں میں 27 ہزار بچوں اور خواتین کو قتل کردیا ہے ۔ غزہ انتظامیہ کی جانب سے پیر کو ٹیلی گرام پر جاری کئے گئے اعدادوشمار میں بتایا گیا کہ اب تک اسرائیل غزہ پر 3 ہزار 486 حملے کرچکا ہے ۔ ان حملوں میں خواتین اور بچوں کی اوپر ذکر کی گئی تعداد کے ساتھ ہی ساتھ طبی عملے کے 885 افراد ، 168 صحافی اور سول ڈیفنس (بچاؤ عملہ) کے 79 افراد مارے جاچکے ہیں ۔ (جاری)
فلسطین کے شماریات کے مرکزی بیورو کے ان اعداد و شمار کے مطابق اسرائیلی حملوں کا شکار ہونے والے 78 فیصد افراد کی عمریں 30 سال سے کم ہیں ۔
0 تبصرے