ملک میں روزانہ 90 ریپ ہوتے ہیں، 15 دنوں میں سخت سزا دی جائے: ممتا بنرجی کا پی ایم مودی کو خط

 

مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے وزیر اعظم مودی کو خط لکھ کر عصمت دری پر قانون بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔ کولکاتا کے آر جی کار میڈیکل کالج میں عصمت دری کے واقعہ کے بعد ملک بھر میں جاری احتجاج کے درمیان وزیر اعظم نریندر مودی کو لکھے گئے خط میں ممتا بنرجی نے 15 دنوں کے اندر ملزمین کو سخت سزا دینے کے لیے قانون بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے خواتین کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔(جاری)

مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کے چیف ایڈوائزر الپن بندیوپادھیائے نے ایک بیان جاری کرکے یہ جانکاری دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے اپنے خط میں لکھا ہے کہ ملک بھر میں عصمت دری کے واقعات باقاعدگی سے رپورٹ ہوتے ہیں۔ بہت سے معاملات میں قتل کے ساتھ عصمت دری بھی ہوتی ہے۔ ملک میں روزانہ تقریباً 90 عصمت دری کے واقعات معاشرے اور قوم کے اعتماد اور ضمیر کو جھنجھوڑ دیتے ہیں۔(جاری)

اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کہ خواتین اپنے آپ کو محفوظ محسوس کرتی ہیں، ا نہوں نے لکھا، “اس طرح کے گھناؤنے جرائم میں ملوث افراد کے خلاف مثالی سزا دینے کے لیے سخت مرکزی قوانین ہونے چاہئیں” اور اس طرح کے مقدمات میں تیزی سے ٹرائل کے لیے فاسٹ ٹریک خصوصی عدالتوں کے قیام پر بھی غور کیا جانا چاہیے۔ تاکہ 15 دن میں سماعت مکمل ہو سکیں ۔(جاری)

یادرہے کہ مغربی بنگال کے آر جی۔ کار میڈیکل کالج اور اسپتال میں ایک ٹرینی ڈاکٹر کی عصمت دری کے بعد انہیں قتل کر دیا گیا۔ اس وحشیانہ واقعے پر ملک بھر کے ڈاکٹروں میں غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ پورا ملک ایک آواز میں اس واقعہ میں ملوث ملزمین کے خلاف سخت ترین کارروائی کا مطالبہ کر رہا ہے۔ خواتین کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے اقدامات کرنے کا بھی مطالبہ کیا جا رہا ہے۔(جاری) 

سی بی آئی جانچ کر رہی ہے

حال ہی میں کلکتہ ہائی کورٹ کی مداخلت کے بعد اس معاملے کی جانچ سی بی آئی کو سونپی گئی ہے۔ جانچ ایجنسی اب تک اس معاملے میں کئی لوگوں سے پوچھ گچھ کر چکی ہے۔ سپریم کورٹ نے بھی ازخود نوٹس لیتے ہوئے معاملے کی سماعت کی۔ عدالت نے اس معاملے میں نیشنل ٹاسک فورس بنانے کی ہدایت کی تھی۔ اس میں سینئر ڈاکٹروں اور افسران کی ٹیم شامل تھی۔



ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے