ممبئی : مہاراشٹر میں دسمبر سے پہلے اسمبلی انتخابات ہونے ہیں۔ ایسے میں سیاست اپنے عروج پر ہے۔ دریں اثنا نیوز ایٹین خصوصی پروگرام ‘ڈائمنڈ اسٹیٹس سمٹ - مہاراشٹر’ میں ریاست کے نائب وزیر اعلی دیویندر فڑنویس نے ریاست کی سیاست کے حوالے کئی بڑی باتیں کہیں۔ جب فڑنویس سے پوچھا گیا کہ مہایوتی میں نمبر ایک کون ہوگا؟ انہوں نے واضح طور پر کہا کہ فی الحال ایکناتھ شندے ہی وزیر اعلیٰ ہیں۔ ہم ان کے چہرے پر الیکشن میں جا رہے ہیں۔ نتائج آنے کے بعد ہمارے لیڈر بیٹھ کر فیصلہ کریں گے کہ آگے کیا کرنا ہے۔(جاری)
جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا کچھ پرانے لوگ واپس آئیں گے اور کیا کوئی تبدیلی نظر آئے گی؟ اس پر فڑنویس نے کہا کہ ہمارے پاس بہت اچھا اتحاد ہے۔ اس میں سے کوئی بھی باہر نہیں جائے گا ۔ ہم ساتھ مل کر اس الیکشن کو جیتیں گے۔ جہاں تک نمبر ون پوزیشن کا تعلق ہے تو اس حوالے سے ہمارے درمیان کوئی تناؤ نہیں ہے۔ تینوں پارٹیوں کا ماننا ہے کہ ہمارے لیڈر مل بیٹھ کر اس پر فیصلہ لے سکتے ہیں۔(جاری)
انہوں نے مزید کہا کہ دوسری بات یہ کہ ابھی تو ایکناتھ شندے وزیر اعلیٰ ہیں۔ ہم ان کے دور میں الیکشن میں جا رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ کسی حکومت کا سربراہ ہوتا ہے۔ اس لیے ہمارے سامنے ابہام کی کوئی صورت نہیں ہے۔ الیکشن کے بعد بھی کیا کرنا ہے، تینوں مل کر اس وقت کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے فیصلہ کریں گے۔(جاری)
جب فڑنویس سے دہلی آنے کے بارے میں سوال پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ میں اس طرف نہیں دیکھ رہا ہوں۔ میں یہیں دیکھ رہا ہوں۔ انہوں نے لڑکی بہن یوجنا پر اپوزیشن کے سوالوں کا جواب بھی دیا۔ فڑنویس نے کہا کہ جب راہل گاندھی ‘کھٹاکھٹ کھٹاکھٹ’ کی بات کرتے ہیں، تو کوئی سوال نہیں کرتا۔ ہم لوگوں نے اگر خواتین کو کچھ دینے کی کوشش کی تو وہ منفی تبصرے کرتے ہیں۔ اس اسکیم کے تحت ہم نے ایک کروڑ سے زیادہ خواتین کے بینک کھاتوں میں پیسے بھیج دئے ہیں ۔ آنے والی 31 تاریخ کو مزید 50 لاکھ خواتین کے کھاتوں میں رقم پہنچ جائے گی۔(جاری)
جب ان سے پوچھا گیا کہ سپریہ سولے کہتی ہیں کہ 1500 روپے سے آپ رشتے نہیں خرید سکتے۔ اس پر فڑنویس نے کہا کہ سونے اور چاندی کے چمچ لے کر پیدا ہوئے لوگوں کو 1500 روپے کی اہمیت سمجھ میں نہیں آئے گی۔ ان کے لیے ہوٹل جا کر چائے پینے کے بعد 1500 روپے ٹِپ دینے کی بات ہے۔ جس خاتون کو یہ رقم مل رہی ہے، وہ اس کی اہمیت کو سمجھتی ہے ۔
0 تبصرے