نئی دہلی : ہندوستان کے نوجوان پہلوان امن سہراوت نے پیرس اولمپکس میں ہندوستان کو چھٹا تمغہ دلایا اور 57 کلوگرام ریسلنگ میں کانسے کا تمغہ حاصل کیا۔ انہوں نے شروع سے ہی دبدبہ بنائے رکھا اور میچ یک طرفہ طور پر جیت لیا۔ انہوں نے 57 کلوگرام فری اسٹائل کیٹیگری کے کانسے کے تمغے کے مقابلے میں پورٹو ریکو کے ڈیرین ٹوئی کروز کو 13-5 سے شکست دی۔ وزیراعظم مودی نے بھی امن سہراوت کو اس خاص کامیابی کے لیے مبارکباد دی۔(جاری)
وزیر اعظم نے ایکس پر ایک پوسٹ کی ۔ انہوں نے لکھا : ہمارے پہلوانوں کی وجہ سے مزید فخر ! پیرس اولمپکس میں 57 کلو گرام زمرے کے مردوں کے فری اسٹائل مقابلے میں کانسے کا تمغہ جیتنے کے لیے امن سہراوت کو مبارکباد۔ ان کی لگن اور استقامت واضح طور پر نمایاں ہیں۔ پورا ملک اس غیر معمولی کارنامے کا جشن منا رہا ہے۔(جاری)
بتادیں کہ سال 2013 اور 2014 میں امن کے والدین کا انتقال ہو گیا تھا۔ میدان میں اترنے سے پہلے امن نے زندگی کی مشکلات سے بڑی جنگ لڑی۔ امن سہراوت کو سیمی فائنل میں ٹاپ سیڈ جاپان کے ری ہیگوچی سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ اس شکست کے ساتھ ہی ان کا گولڈ جیتنے کا خواب چکنا چور ہو گیا تھا۔(جاری)
وہیں پری کوارٹر فائنل میں امن نے سابق یوروپی چیمپئن شمالی مقدونیہ کے ولادیمیر ایگوروف کو 10-0 سے شکست دی تھی۔ اس کے بعد انہوں نے کوارٹر فائنل میں البانیہ کے زیلیمخان اباکاروف کو 12-0 سے شکست دی تھی۔
0 تبصرے