بھیونڈی/ یہاں بدھ کو گجرات اے ٹی ایس نے ندی ناکہ پر واقع ایک فلیٹ پر چھاپا مار کر 792 کلو گرام ایم ڈی ڈرگس برآمد کی ہے جس کی قیمت 800 کروڑ روپئے بتائی گئی ہے ۔ اے ٹی ایس نے منشیات بنانے کے الزام میں ممبئی میں رہنے والے محمد یونس اور محمد عادل کو گرفتار کیا ہے ۔ مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث ان کا ایک ساتھی صادق فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا جس کی تلاش جاری ہے ۔(جاری)
پولس نے مطابق 18 جولائی کو سورت میں منشیات کی ایک فیکٹری کا پردہ فاش ہوا تھا ، اس کاروائی میں افسران نے 35 کلو گرام ایم ڈی ضبط کر کے 2 افراد کو گرفتار کیا تھا ، اس کیس کی تحقیقات کے دوران اس بات کا پتہ چلا کہ بھیونڈی میں بھی ایم ڈی ڈرگس کا کاروبار بڑے پیمانے پر جاری ہے ۔ اس نشاندہی کے بعد گجرات اے ٹی ایس نے یہاں چھاپہ مار کر اتنے بڑے پیمانے پر جاری منشیات کے کاروبار کا پردہ فاش کیا ہے ۔(جاری)
اطلاع کے مطابق تینوں ملزمین کا اس معاملے میں کلیدی ملزم سنیل یادو سے رابطہ تھا جو سورت کیس کا بھی کلیدی ملزم ہے اور وہ دبئی کے ایک منشیات فروش کیساتھ مل کر یہاں ڈرگس بنانے کا کاروبار کرتا تھا ۔ گرفتار شدگان یونس اور عادل ممبئی کے ڈونگری کے رہنے والے ہیں۔ ان سے پوچھ تاچھ کے بعد حکام نے بتایا کہ دونوں گرفتار شدگان پہلے دبئی سے الیکٹرانک سامان اور سونے کی اسمگلنگ کرتے تھے ۔ وہیں ان کی ملاقات دبئی کے ایک شیخ سے ہوئی جو منشیات کا کاروبار کرتا تھا ۔ جس نے انہیں خام مال دیا تھا اور وہ بھیونڈی پہنچ کر ندی ناکہ کے پاس ایک کرائے کے فلیٹ میں منشیات بنانے کا کام کیا کرتے تھے ۔ (جاری)
معلوم ہوکہ گجرات اے ٹی ایس کی گرفتاری کے بعد اس معاملے میں باریکی سے جانچ کی جارہی ہے اور گرفتار شدگان سے سخت رویہ اپناتے ہوئے ساری سچائی اگلوائی جارہی ہے ۔ القصہ مختصر یہ کہ اس معاملے میں پولس کی تفتیش جاری ہے ۔ اس معاملے میں ملوث مزید دیگر افراد بھی منظر عام پر آنے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے ۔
0 تبصرے