اسمبلی الیکشن سے قبل مالیگاوں شہر آؤٹر میں کئی بڑے بڑے تعمیراتی کاموں کی بہار دیکھی جارہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق چھترپتی شیواجی مجسمہ کی تزئین کاری کا افتتاح کل شام پانچ بجے ہوا ہے ، وہیں موسم پل پرا کرانتی جیوتی ساوتری بائی پھلے کے نام سے لائبریری اور اسٹڈی سینٹر کا افتتاح بھی ساڑھے پانچ بجے ہوا ، بعد ازاں شام چھ بجے ریسٹ ہاؤس سے متصل بھارت رتن ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر مجسمہ کی تنصیب کا کام مکمل ہوا ۔(جاری)
مذکورہ سبھی کاموں کا افتتاح مالیگاوں آؤٹر کے ایم ایل اے و ناسک کے رابطہ وزیر دادا بھسے کے ہاتھوں عمل میں آیا ۔ موسم پل کے ایک حصے کی تعمیر بھی مکمل ہوگئی جسے آمدورفت کیلئے کھول دیا گیا ۔ ریاستی حکومت سے حاصل ہونے والی گرانٹ سے مذکورہ تعمیراتی کام کئے جارہے ہیں ۔ ایک طرف آؤٹر میں اس طرح کے بڑے بڑے پروجیکٹ میں فنڈ لگایا جارہا ہے اور تعمیراتی کام کاج عمل میں آرہے ہیں ۔(جاری)
وہیں مالیگاوں سینٹرل میں یہاں لیڈران اور عوامی نمائندے روڈ گٹر سے آگے بڑھنے سے قاصر ہیں ۔ حکومت سے حاصل ہونے والی کڑوروں کی گرانٹ سے روڈ اور گٹر کہاں تعمیر ہورہی ہے دکھائی بھی نہیں دے رہی ہے ۔ سینٹرل میں کسی بڑے پروجیکٹ کا سنگ بنیاد محض ایک خواب بن کر رہ گیا ہے ۔ معلوم ہوکہ منسٹر نے جتنا بھی فنڈ حاصل کیا ہے اس میں کارپوریشن کا 25 فیصد سے 30 فیصد حصہ لگ رہا ہے ۔ آؤٹر میں اس کا استعمال 80 فیصد تک ہورہا ہے اور سینٹرل کے حصے میں محض 15 فیصد سے 20 فیصد تک فنڈ آرہا ہے ، کارپوریشن کو ٹیکس ادا کرنے والی عوام کے حصے میں اس طرح کی نا انصافی کوئی نئی بات نہیں ہے ۔ حالیہ دنوں اس میں مزید اضافہ ہونے کا امکان ہے ۔
0 تبصرے