چرخی دادری : ہریانہ میں اسمبلی انتخابات کی گہماگہمی کے درمیان چرخی دادری سے بڑی خبر سامنے آئی ہے۔ یہاں ایک مہاجر مزدور کو گائے کا گوشت کھانے کے الزام میں پیٹ پیٹ کر قتل کر دیا گیا۔ گئو رکشا دل کے ارکان پر پٹائی کا الزام لگا ہے۔ پٹائی کا ایک ویڈیو بھی سامنے آیا ہے۔ مارپیٹ میں ایک نوجوان کی موت ہو گئی جبکہ دوسرا زخمی ہو گیا۔ فی الحال پولیس نے 5 ملزمین کو گرفتار کر لیا ہے۔ اس کے علاوہ دو نابالغوں کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔(جاری)
معلومات کے مطابق یہ واقعہ 27 اگست کو پیش آیا تھا، جس کی اطلاع پولیس کو 28 اگست کو ملی تھی۔ مغربی بنگال کے دو نوجوان چرخی دادری میں کوڑا اٹھانے کا کام کرتے ہیں۔ یہاں وہ کچی آبادیوں میں رہتے ہیں۔ گئو رکشا دل کے ارکان کو شبہ ہے کہ صابر ملک (23) نے بیف پکا کر اپنے ساتھی کے ساتھ کھایا۔ اس دوران 27 اگست کو ہجوم نے اس کو گھر لے گیا اور پھر لاٹھی اور ڈنڈوں سے اس کی بے دردی سے پٹائی کی گئی۔(جاری)
اس دوران صابر ملک کی موت ہوگئی جبکہ اس کا دوست زخمی ہوگیا۔ چرخی دادری کے باڈھرا پولیس اسٹیشن نے اس معاملے میں ایک کیس درج کرکے دو نابالغوں کو حراست میں لے لیا، جب کہ پانچ دیگر کو بھی گرفتار کیا گیا۔ حالانکہ پولیس نے اس پورے معاملے پر خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔ اس معاملے کو لے کر ایس پی پوجا وشیشٹھ نے جائے واردات کا معائنہ بھی کیا تھا، لیکن میڈیا سے بات نہیں کی۔ گرفتار چاروں ملزمین مقامی ہیں۔ پولیس کو دی گئی شکایت میں نوجوان نے بتایا کہ اس کے بہنوئی اور وہ یہاں کوڑا اٹھانے کا کام کرتے ہیں اور بیف کھانے کے شک میں ان کی پٹائی کی گئی۔ جس کی وجہ سے اس کے بہنوئی کی موت ہوگئی۔ اس کی بہن بھی یہیں رہتی ہے۔ بعد ازاں ملزمین نے اس کی بھی پٹائی کی اور خالی پلاٹ میں پھینک دیا تھا۔(جاری)
اس واقعہ کا ایک ویڈیو بھی سامنے آیا ہے جس میں کچھ لوگ موٹی لاٹھیوں سے دونوں نوجوانوں کی بے دردی سے پٹائی کرتے نظر آرہے ہیں۔ کچھ خواتین بھی نظر آرہی ہیں۔ وہیں دونوں نوجوانوں کو بچانے کے لیے کسی نے کوئی کوشش نہیں کی۔ قابل ذکر ہے کہ مغربی بنگال اور آسام سے تعلق رکھنے والے خاندان کافی عرصے سے قصبے کے ستنالی روڈ پر واقع کچی آبادیوں میں رہ رہے ہیں اور ان میں سے زیادہ تر کچرا اٹھاتے ہیں۔
0 تبصرے