کولکاتہ: مغربی بنگال کی راجدھانی کولکاتہ میں ڈاکٹر کی عصمت دری اور قتل کو لے کر پورے ملک میں ہنگامہ برپا ہے۔ سی بی آئی اب کولکاتہ کے آر جی کر میڈیکل کالج اینڈ ہاسپٹل کے جونیئر ڈاکٹر کی آبروریزی اور قتل کا معاملہ درج کر سکتی ہے۔ اب خود ممتا بنرجی نے بھی اس کا اشارہ دیا ہے۔ حالانکہ ممتا بنرجی ڈاکٹر عصمت دری - قتل کیس سی بی آئی کو سونپنے میں ابھی تک تذبذب کا شکار ہیں۔ اس سلسلے میں وہ اتوار تک کا انتظار کر رہی ہیں۔ اتوار کو وہ فیصلہ کریں گی کہ ریاستی پولیس اس معاملے کی تحقیقات کرے گی یا معاملہ مرکزی ایجنسی کے حوالے کردیا جائے گا۔(جاری)
دراصل مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے پیر کو کہا کہ اگر کولکاتہ پولس اتوار تک آر جی کر اسپتال میں خاتون ڈاکٹر کی آبروریزی اور قتل کے معاملے کو حل کرنے میں ناکام رہی، تو ان کی حکومت پورے معاملے کی جانچ سی بی آئی کو سونپ دے گی۔ تاہم انہوں نے یہ بھی کہا کہ مرکزی تفتیشی ایجنسی یعنی سی بی آئی کی کامیابی کی شرح بہت کم ہے۔ بتا دیں کہ ممتا بنرجی نے یہ تبصرہ متاثرہ خاتون ڈاکٹر کے اہل خانہ سے ملاقات کے بعد صحافیوں کے سوالوں کے جواب میں کیا۔(جاری)
سی بی آئی کو لے کر ممتا بنرجی نے مزید کہا کہ اس سے پہلے سنگور کے تاپسی ملک ریپ کیس، نندی گرام میں 14 لوگوں کے قتل، رضوان الرحمان کیس، گرودیو رابندر ناتھ ٹیگور کے نوبل انعام کی چوری… جیسے معاملات سی بی آئی کے حوالے کیے گئے تھے، لیکن آج تک انصاف نہیں ملا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ آر جی کر اسپتال میں خاتون ڈاکٹر کے قتل کا مقدمہ فاسٹ ٹریک کورٹ میں سنایا جائے۔ بتادیں کہ پیر کو ممتا بنرجی آر جی کر اسپتال کی اس خاتون ڈاکٹر کے گھر جاکر ان کے والدین اور اہل خانہ سے بات کی، جن کی لاش اسپتال میں نیم عریاں حالت میں ملی تھی۔(جاری)
ممتا بنرجی دوپہر 12.45 بجے ٹرینی خاتون ڈاکٹر کے گھر پہنچیں۔ اس دوران ممتا بنرجی نے مقتول خاتون ڈاکٹر کے والدین اور اہل خانہ سے بات کی اور ان کے غم کی گھڑی میں انہیں تسلی دی۔ بتادیں کہ آر جی کر میڈیکل کالج اور اسپتال کے اندر مبینہ طور پر ریپ اور قتل کا شکار ہوئی خاتون ڈاکٹر کی لاش جمعہ کی صبح سیمینار روم سے ملی تھی۔ اس معاملے میں ملزم سنجے رائے کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ اس نے شراب پی ، پورن فلم دیکھی اور پھر واردات کو انجام دیا ۔
0 تبصرے