لکھنؤ:ٹرانسپورٹ نگرمیں تین منزلہ عمارت منہدم،8افرادہلاک، متعدد زخمی

 

لکھنؤ: دارالحکومت لکھنؤ کے ٹرانسپورٹ نگر میں تین منزلہ عمارت گرنے سے پیش آنے والے حادثے میں اب تک 33 افراد کو بچا لیا گیا ہے۔ ان 33 افراد میں سے 26 افراد زخمی ہیں۔ اس حادثے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد بھی 8 ہو گئی ہے۔ زخمیوں کو لکھنؤ کے لوک بندھو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ شدید زخمی مریضوں کو کنگ جارج میڈیکل یونیورسٹی کے ٹراما سینٹر میں داخل کرایا گیا ہے۔ ڈاکٹرز کے مطابق ٹراما سینٹر میں داخل مریضوں کی حالت بدستور تشویشناک ہے۔ ایسے میں مہلوکین کی تعداد میں اضافہ کا خدشہ ظاہر کیاجارہاہے۔(جاری)

لوک بندھو اسپتال میں زیر علاج مریضوں نے بتایا کہ حادثہ سے پہلے ایک ستون ٹوٹ گیا تھا۔ چونکہ باہر بارش ہو رہی تھی اس لیے وہ وہیں عمارت کے نیچے ٹھہرے رہے۔ ستون ٹوٹنے کے 10 منٹ کے اندر پوری عمارت گر گئی۔ پہلی منزل پر موجود لوگ زخمی ہوئے ہیں۔ جبکہ نیچے فرش پر موجود کئی افراد کی موت ہو چکی ہے۔ زخمیوں کا کہنا ہے کہ اگر بارش نہ ہوتی تو وہ باہر نکل جاتے۔ لیکن بارش کی وجہ سے لوگ باہر نہیں نکل سکے۔ جس کی وجہ سے اس حادثے میں کئی لوگوں کی جانیں گئیں۔(جاری)

اس حادثہ میں ایک ہی وقت میں پانچ لوگوں کی موت ہوگئی تھی۔یہ حادثہ سنیچر کی شام لکھنؤ میں پیش آیا تھا۔ وہاں ایک تین منزلہ عمارت گر گئی تھی۔ حادثہ ہوتے ہی وہاں کہرام مچ گیا۔ انتظامیہ اور ریسکیو ٹیموں نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر امدادی کام شروع کر دیا۔ ملبے تلے دبے لوگوں کو نکال کر اسپتال پہنچایا گیا۔ حادثے میں ایک ہی وقت میں پانچ افراد کی موت ہو گئی۔ بعد میں علاج کے دوران تین افراد کی موت ہو گئی۔(جاری)

حادثے کی اطلاع ملتے ہی سی ایم یوگی نے ریسکیو آپریشن تیز کرنے کی ہدایات دیں۔ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ عمارت کے تہہ خانے میں کام جاری تھا۔ اس دوران یہ عمارت کمزور ہوکر گر گئی۔ حادثے میں مرنے والوں کے اہل خانہ پر غموں کا پہاڑ ٹوٹ پڑا ہے۔ زخمیوں کے لواحقین پریشان ہیں۔ انتظامیہ حادثے کی وجوہات جاننے میں مصروف ہے۔


ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے