نئی دہلی : دہلی ہائی کورٹ نے دہلی میں ڈی ڈی اے کی زمین پر وقف بورڈ کے دعوے کو مسترد کر دیا ہے۔ اب ڈی ڈی اے یعنی دہلی ڈیولپمنٹ اتھارٹی اس زمین پر رانی لکشمی بائی کا مجسمہ لگانے جا رہی ہے۔ ہائی کورٹ کے فیصلے کے بعد ڈی ڈی اے حکام نے مجسمہ نصب کرنے کے لئے کھدائی شروع کر دی ہے۔(جاری)
شاہی عیدگاہ کے قریب اس زمین پر فیصلہ آنے کے بعد ڈی ڈی اے اور ایم سی ڈی کے افسران نے موقع پر پہنچ کر مجسمہ کی تنصیب کا کام شروع کردیا۔ حفاظتی نقطہ نظر سے عیدگاہ احاطے کے اطراف بیریکیڈنگ لگا دی گئی ہیں اور سڑک کو آنے جانے والوں کے لیے بند کر دیا گیا ہے اور کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لئے سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔(جاری)
دہلی ہائی کورٹ نے 13000 مربع میٹر پارک کو دہلی ڈیولپمنٹ اتھارٹی (ڈی ڈی اے) کی ملکیت قرار دیتے ہوئے وقف بورڈ کے دعوے کو مسترد کر دیا ہے۔ اس معاملے میں وقف بورڈ نے دعویٰ کیا تھا کہ یہ زمین ان کی ہے، لیکن عدالت نے ڈی ڈی اے کے حق میں فیصلہ سنایا ہے۔(جاری)
ہائی کورٹ کے اس فیصلے سے مجسمہ کی تنصیب کے حامی خوش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ مہارانی لکشمی بائی کی وراثت کو عزت دینے کے لیے ایک اہم قدم ہے۔ دوسری طرف مانا جا رہا ہے کہ وقف بورڈ اب ہائی کورٹ کے اس فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کر سکتا ہے۔
0 تبصرے