ممتا بنرجی نے چلا استعفی کا داو، میٹنگ کیلئے ڈاکٹروں کے نہیں آنے پر کہا: قربان کردوں گی کرسی

 

کولکاتہ : کولکاتہ کے آر جی کر اسپتال میں ٹرینی ڈاکٹر کی آبروریزی کے معاملہ میں انصاف کا مطالبہ کرتے ہوئے جونیئر ڈاکٹرز ایک ماہ سے ہڑتال پر ہیں۔ وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے ہڑتال ختم کرنے کے ارادے سے میٹنگ بلائی۔ وہ 2 گھنٹے سے زائد ہال میں افسران کے ساتھ بیٹھ کر انتظار کرتی رہیں، لیکن ڈاکٹر نہیں آئے۔ ان کا ایک ہی مطالبہ تھا کہ میٹنگ کو لائیو اسٹریم کیا جائے۔ لیکن ممتا بنرجی کی حکومت سپریم کورٹ کے حکم کا حوالہ دیتے ہوئے اس سے انکار کر رہی تھی۔ اس سے ناراض ممتا نے کہا کہ مجھے اقتدار کی لالچ نہیں ہے۔ اگر وہ چاہیں تو میں مستعفی ہونے کو تیار ہوں۔ میں اپنی کرسی قربان کر دوں گی۔(جاری)

ممتا بنرجی نے کہا کہ سی بی آئی کیس دیکھ رہی ہے، اس پر اگر وہ چاہیں تو لائیو کر سکتے ہیں، ہم نہیں۔ معاملہ سپریم کورٹ میں سماعت کے لئے ہے۔ 17 تاریخ کو سماعت ہوگی۔ ہم نے ڈاکٹروں کو 4.45 بجے تک آنے کیلئے کہا تھا۔ وہ دیر سے آئے لیکن ہمیں کوئی اعتراض نہیں ہوا۔ میں جانتی ہوں کہ لوگ ناراض ہیں۔ ہم سب چاہتے ہیں کہ متاثرہ کو انصاف ملے۔ سی بی آئی اس بارے میں جلد فیصلہ کرے۔(جاری)

ممتا نے کہا کہ ہم نے جونیئر ڈاکٹروں کو خط لکھا تھا۔ انہیں واضح طور پر بتایا گیا کہ میٹنگ کا براہ راست ٹیلی کاسٹ ممکن نہیں ہوسکے گا۔ ریکارڈنگ ہو جائے گی۔ اگر میٹنگ کامیاب ہوتی ہے تو ان کے ساتھ پریس کو خطاب کرتے۔ ہم نے سوچا کہ ہمارے چھوٹے بھائی بہن غصہ نہ کرتے ہوئے مریضوں کی خاطر آئیں گے۔ ہم سے بات کریں گے۔ انہوں نے مجھے 2 گھنٹے انتظار کروایا، پھر بھی ایکشن نہیں لیں گے۔ بڑوں کو چھوٹوں کو معاف کردینا چاہئے۔ اس کے باوجود وہ میٹنگ میں نہیں آئے۔ میں نے تین بار ان سے ملنے کی کوشش کی۔ اب تک 27 افراد کی موت ہوچکی ہے ۔ بنگال کے لوگوں سے ہاتھ جوڑ کر معافی مانگتی ہوں۔ آپ لوگوں نے سوچا ہوگا کہ آج مسئلہ حل ہو جائے گا۔ میں نے 2 گھنٹے انتظار کیا، تین دن انتظار کیا، لیکن وہ نہیں آرہے ہیں۔(جاری)

ممتا بنرجی نے کہا کہ میں جانتی ہوں کہ زیادہ تر لوگ میٹنگ کرنا چاہتے تھے، لیکن ایک دو لوگوں کو باہر سے حکم ملا کہ بات چیت نہ کرو۔ میں نے ان کو معاف کر دیا۔ اب وہ چاہیں تو ڈی جی سے بات چیت کر سکتے ہیں۔ ممتا نے کہا کہ اگر وہ میرا استعفیٰ چاہتے ہیں تو میں استعفیٰ دینے کیلئے بھی تیار ہوں۔ میں اقتدار کی بھوکی نہیں ہوں۔ مجھے کرسی کی کوئی لالچ نہیں ہے۔

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے