کھنڈوا : کھنڈوا کے عظیم گلوکار کشور کمار کا آبائی گھر جو کبھی ان کے ورثے اور یادوں کا گواہ تھا، اب مکمل طور پر خستہ حال ہوچکا ہے۔ 7,200 مربع فٹ پر پھیلا یہ تاریخی گھر، جہاں سے کشور کمار نے ممبئی کی فلمی دنیا میں قدم رکھا اور ملک کے بڑے گلوکاروں میں سے ایک بنے ، آج کھنڈرات میں تبدیل ہو چکا ہے۔ گھر کی حالت کو دیکھتے ہوئے انتظامیہ نے اسے منہدم کرنے کا نوٹس جاری کر دیا ہے۔(جاری)
گھر کی دیواروں پر نمی، دیمک اور فنگس لگ گیا ہے اور گردو غبار کی موٹی تہیں جمع ہیں۔ وہ گھر جہاں کبھی کشور کمار رہتے تھے، آج لوگوں کے لیے پیشاب خانہ بن گیا ہے۔ یہ گھر تقریباً 100 سال پرانا ہے اور کشور کمار کے مداحوں کے لیے تاریخی نظریہ سے انمول ہے، لیکن لگتا ہے کہ حکومت اس کی حالت پر کوئی توجہ نہیں دے رہی ہے۔(جاری)
سماجی کارکن سنیل جین نے بتایا کہ ہندی فلم انڈسٹری کے مشہور گلوکار، اداکار اور پروڈیوسر کشور کمار 4 اگست کو کھنڈوا میں پیدا ہوئے تھے۔ انہوں نے اپنے اس شہر کو زندگی بھر یاد رکھا اور عوامی پلیٹ فارمز پر فخر سے کہا’’کشور کمار کھنڈوا والے‘‘۔جائے پیدائش سے ایسی محبت اور تعلق بہت کم دیکھنے کو ملتا ہے لیکن افسوس کہ ان کے آبائی گھر کی موجودہ حالت کسی کو بھی پریشان کر سکتی ہے۔
0 تبصرے