رام گڑھ : جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات کی سرگرمیاں عروج پر ہیں ۔ اسی سلسلہ میں جمعرات کو جموں و کشمیر کے رام گڑھ اسمبلی حلقہ میں اترپردیش کے وزیراعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے ایک انتخابی ریلی سے خطاب کیا ۔ اس موقع پر وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے کانگریس پر جم کر نشانہ سادھا ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ کانگریس پاکستان حامی پارٹیوں کے ساتھ ہے اور اس کا اصلی چہرہ ریزرویشن مخالف ہے ۔(جاری)
یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ میں ایودھیا دھام کی سرزمین اترپردیش سے آپ کے درمیان آیا ہوں ۔ ایودھیا بھگوان رام کی جائے پیدائش ہے اور ان کے نام پر جموں میں رام گڑھ بنا ہے ۔ انہوں نے کانگریس پر نشانہ سادھتے ہوئے کہا کہ طویل عرصہ تک کانگریس کی حکومت رہنے کے باوجود اس نے ایودھیا کے مسئلہ کو حل نہیں ہونے دیا ۔(جاری)
وزیراعلی یوگی نے وزیراعظم مودی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ آپ سب نے مودی جی پر یقین کیا اور 500 سالوں کا ایودھیا کا معاملہ ایسے حل ہوا، جیسے کوئی مسئلہ تھا ہی نہیں ۔ وزیراعلی یوگی نے مزید کہا کہ ملک میں آج جہاں بھی دہشت گردی ، نکسل ازم اور شدت پسندی کے مسائل ہیں، ان سبھی کی پرورش کرنے کا کام کانگریس نے کیا ۔(جاری)
وزیر اعلی یوگی آدتیہ نے کہا کہ کانگریس نے ہندووں کو کمزور کرنے کا کام کیا ۔ جب مرکز میں کانگریس کی سرکار تھی اور جموں و کشمیر میں اس کی حمایت یافتہ سرکاریں تھیں، تب یہاں جو واقعات ہوتے تھے، وہ کسی سے پوشیدہ نہیں ہیں ۔
0 تبصرے