جموں و کشمیر اسمبلی میں پی ڈی پی رکن اسمبلی نے دفعہ 370 کی بحالی کو لے کر پیش کی تجویز، مچ گیا ہنگامہ

 

سرینگر: مرکز کے زیر انتظام جموں و کشمیر میں نئی حکومت کی تشکیل کے بعد پیر کو اسمبلی کا اجلاس ہوا۔ تاہم پہلے ہی اجلاس میں اس وقت جم کر ہنگامہ ہوگیا جبکہ پی ڈی پی کے ایک ممبر اسمبلی نے ایوان میں جموں و کشمیر میں پھر سے آرٹیکل 370 لاگو کرنے اور ریاست کا خصوصی درجہ بحال کرنے کیلئے ایک تجویز پیش کردی ۔ یہ تجویز پی ڈی پی کے ممبر اسمبلی وحید الرحمان نے پیش کی ۔(جاری)

خیال رہے کہ اسمبلی انتخابات کے دوران پی ڈی پی نے جموں و کشمیر کا مکمل ریاست کا درجہ بحال کرانے اور آرٹیکل 370 بحال کرانے کا وعدہ کیا تھا ۔ وحید الرحمان کی اس تجویز پر ایوان میں جم کر ہنگامہ ہوگیا ۔ بی جے پی لیڈران نے جم کر ہنگامہ کیا ۔وہیں پی ڈی پی کی سربراہ محبوبہ مفتی نے وحیدالرحمان کے اس قدم کی حمایت کی ہے ۔ انہوں نے ایکس پر ایک پوسٹ کرکے لکھا کہ وحید الرحمان کے اس قدم پر پارٹی کو فخر ہے ۔ اللہ ان کا بھلا کرے ۔(جاری)

دریں اثنا پیر کو ایوان میں اسپیکر کا انتخاب ہوا۔ ایم ایل اے عبدالرحیم راتھر کو ایوان کا اسپیکر منتخب کیا گیا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے انہیں مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ وہ پورے ایوان کی جانب سے راتھر کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ آپ اسپیکر کے عہدے کے فطری دعویدار تھے۔ کسی ایک ممبر نے بھی آپ کی مخالفت نہیں کی۔ اب آپ اس ایوان کے کسٹوڈین ہیں ۔(جاری)

خیال رہے کہ سال 2019 میں حکومت ہند نے جموں و کشمیر کو مرکز کے زیر انتظام دو خطوں لداخ اور جموں و کشمیر میں تقسیم کردیا تھا۔ اس کے علاوہ آرٹیکل 370 کو ، جو ریاست کو خصوصی حیثیت دیتا تھا، ختم کر دیا گیا تھا. اس کے بعد ریاست میں پانچ سال سے زائد عرصے تک صدر راج نافذ رہا۔ رواں سال ستمبر اکتوبر میں وہاں اسمبلی انتخابات ہوئے تھے ، جس میں عمر عبداللہ کی قیادت میں نیشنل کانفرنس کی حکومت بنی۔

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے