نئی دہلی : حکومت اور سپریم کورٹ کے سخت احکامات کے باوجود دیوالی کی رات دہلی-این سی آر میں لوگوں نے پٹاخے پھوڑے ، جس کی وجہ سے دہلی سمیت نوئیڈا، غازی آباد، گروگرام اور دیگر این سی آر شہروں میں ہوا دم گھونٹنے والی ہوگئی ہے ۔ کچھ جگہوں پر اے کیو آئی کی سطح رات کو 900 سے پار کر گئی تھی۔ تاہم جمعہ کی صبح کچھ کمی ضرور ریکارڈ کی گئی۔ اس کے باوجود آلودگی کی سطح انتہائی سنگین زمرے میں نظر آئی ۔ صبح 6 بجے کے اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ دہلی کے تمام حصوں میں آلودگی 350 اے کیو آئی سے زیادہ ریکارڈ کی گئی۔(جاری)
جمعہ کی صبح آنند وہار علاقے میں آلودگی کی سطح 395 ریکارڈ کی گئی، جو پوری دہلی میں سب سے زیادہ ہے۔ اس کے علاوہ اشوک وہار میں آلودگی کی سطح 384، متھرا روڈ پر 369، آیا نگر میں 352، علی پور میں 350 اور چاندنی چوک میں 336 ریکارڈ کی گئی۔ حکومت کی طرف سے کئی دعوے کیے گئے کہ پٹاخے بیچنے اور جلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ تاہم تمام تر دعوؤں کے باوجود شہر کے تقریباً ہر حصے میں بچوں اور بڑوں کو بغیر کسی پابندی کے پٹاخے پھوڑتے ہوئے دیکھا گیا۔ کچھ جگہیں ایسی بھی تھیں، جہاں لوگوں کو پولیس کی موجودگی میں پٹاخے جلاتے ہوئے دیکھا گیا۔(جاری)
خیال رہے کہ صفر اور 50 کے درمیان ہوا کا معیار ‘اچھا’، 51 اور 100 کے درمیان ‘اطمینان بخش’، 101 اور 200 کے درمیان ‘معتدل’، 201 اور 300 کے درمیان ‘خراب’، 301 اور 400 کے درمیان ‘انتہائی خراب’ اور 401 سے 500 کے درمیان ‘سنگین’ سمجھا جاتا ہے۔ اس سال دیوالی کے موقع پر موسم نے بھی ساتھ نہیں دیا۔ ہوا کی کمی کے باعث آلودگی کی صورتحال مزید تشویشناک ہوگئی۔(جاری)
ادھر درجہ حرارت بھی کم ہونا شروع نہیں ہوا۔ دہلی میں کم از کم درجہ حرارت 21 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا جو اس موسم کے اوسط درجہ حرارت سے 4.9 ڈگری زیادہ ہے۔
0 تبصرے