ممبئی: مہاراشٹر میں اسمبلی انتخابات کے لیے ووٹنگ کے درمیان نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (ایس پی) کے سربراہ شرد پوار کا ایک بڑا بیان سامنے آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی انتخابات مہاراشٹر کے مستقبل کا فیصلہ کریں گے۔ انہوں نے یہ بات مہاراشٹر کے لوگوں سے اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہی۔ پونے ضلع کے بارامتی قصبے میں اپنا ووٹ ڈالنے کے بعد نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے پوار نے کہا کہ تمام ووٹروں کو اپنے حق رائے دہی کا استعمال کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا، "یہ انتخاب انتہائی اہم ہے۔ یہ مہاراشٹر کے مستقبل کا فیصلہ کرے گا۔ میں تمام شہریوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ اپنے گھروں سے باہر آئیں اور ووٹ دیں۔" (جاری)
کل 18 نومبر کو بارامتی میں این سی پی لیڈر اور ریاست کے نائب وزیر اعلی اجیت پوار کی ریلی کے دوران ان کی والدہ کا خط پڑھ کر سنایا گیا جس میں انہوں نے کہا کہ ان کے ساتھ ناانصافی ہوئی ہے۔ اس بارے میں پوچھے جانے پر شرد پوار نے بدھ کو حیرت کا اظہار کیا کہ کوئی یہ کیسے کہہ سکتا ہے، کیونکہ وہ (اجیت پوار) اقتدار میں ہیں اور نائب وزیر اعلیٰ ہیں۔ پچھلے سال، اجیت پوار اور کئی دیگر ایم ایل اے ریاستی حکومت میں شامل ہوئے تھے جس کے نتیجے میں ان کے چچا شرد پوار کی تشکیل کردہ این سی پی میں پھوٹ پڑ گئی۔
0 تبصرے