چیمپئنز ٹرافی 2025 کو لے کر سسپنس تقریبا ختم، ہندوستان اس ملک میں کھیلے گا اپنے میچز

 

نئی دہلی : آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کی انعقاد کے حوالے سے جاری کشمکش اب تقریباً ختم ہوتی دکھائی دے رہی ہے۔ ٹیم انڈیا کے پاکستان کے دورہ پر جانے سے انکار کے بعد پی سی بی نے آئی سی سی سے رجوع کیا تھا۔ طویل کھینچ تان کے بعد آئی سی سی میں آئندہ سال ہونے والی چیمپئنز ٹرافی کو ہائبرڈ ماڈل میں کرانے پر تقریبا اتفاق رائے قائم ہو گیا ہے۔ جس کی وجہ سے ہندوستان کو اپنے میچ دبئی میں کھیلنے کی اجازت مل جائے گی۔ جبکہ 2027 تک ملٹی ٹیم ایونٹس میں اسی طرح کے بندوبست کیلئے اصولی طور پر اتفاق ہوگیا ہے۔ آئی سی سی کے اعلیٰ ذرائع کے مطابق عالمی گورننگ باڈی کے نئے چیئرمین جے شاہ اور پاکستان سمیت بورڈ آف ڈائریکٹرز کے دبئی میں ہیڈ کوارٹر میں ہونے والی غیر رسمی میٹنگ کے دوران اس فیصلے کو کم و بیش حتمی شکل دیدی گئی۔(جاری)

آئی سی سی ذرائع نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ تمام فریقوں نے اصولی طور پر اتفاق کیا ہے کہ 2025 کی چیمپئنز ٹرافی 2025 متحدہ عرب امارات اور پاکستان میں منعقد کی جائے گی۔ جبکہ ہندوستان اپنے میچ دبئی میں کھیلے گا۔ یہ تمام اسٹیک ہولڈرز کے لیے جیت کی صورتحال ہے ۔ چیمپیئنز ٹرافی اگلے سال فروری مارچ میں ہوگی۔ پاکستان نے گزشتہ ہفتے آئی سی سی کی میٹنگ میں بائیکاٹ کی دھمکی واپس لیتے ہوئے ہائبرڈ ماڈل پر اتفاق کیا تھا۔ اور 2031 تک اپنے لیے اسی طرح کے بندوبست کا مطالبہ کیا تھا۔ تاہم آئی سی سی نے 2027 تک اپنے تمام مقابلوں کے لیے ہائبرڈ ماڈل پر اتفاق کیا ہے۔(جاری)

اس مدت کے دوران ہندوستان اگلے سال اکتوبر میں خواتین کے ون ڈے ورلڈ کپ اور سری لنکا کے ساتھ مشترکہ طور پر 2026 کے مردوں کے ٹی 20 ورلڈ کپ کی میزبانی کرے گا۔ اگر ہائبرڈ ماڈل پر عمل نہیں کیا جاتا ہے تب بھی پاکستان 2026 میں ہندوستان کا دورہ کرنے پر مجبور نہیں ہوگا۔ ذرائع نے بتایا کہ پاکستان 2026 مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دوران اپنے میچ سری لنکا میں کھیلے گا۔ ہائبرڈ ماڈل میں چیمپئنز ٹرافی کے انعقاد کی وجہ سے پی سی بی کی جانب سے مانگے گئے معاوضے پر غور جاری ہے۔(جاری)

نقوی نے کہا : کرکٹ کی جیت ہونی چاہئے

اس سے اتفاق کرنے کا مطلب یہ ہے کہ ہندوستانی خواتین ٹیم کو پاکستان کے خلاف اپنا لیگ میچ کھیلنے کے لیے نیوٹرل وینیو پر جانا پڑے گا۔ اگر ایسا پروگرام کی وجہ سے ضروری ہوا تو ۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ محسن نقوی نے آئی سی سی کی پچھلی میٹنگ کے بعد کہا تھا کہ کرکٹ کو جیتنا چاہیے، یہ سب سے اہم ہے، لیکن سب کے احترام کے ساتھ۔ ہم وہی کریں گے جو کرکٹ کے لیے بہتر ہو گا۔ ہم جو بھی فارمولہ اپنائیں گے وہ برابری کی بنیاد پر ہوگا۔




ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے