نئی دہلی : سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ دہلی ایمس میں ڈاکٹروں کی ایک ٹیم ان کا علاج کر رہی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ سابق وزیر اعظم کو جمعرات کی شام تقریباً 8 بجے ایمس لایا گیا ۔ وہ ایمرجنسی وارڈ میں زیر علاج ہیں۔ متعدد ڈاکٹروں کی ایک ٹیم ان کی جانچ میں مصروف ہے۔ ڈاکٹر منموہن سنگھ مسلسل دو بار ملک کے وزیر اعظم رہ چکے ہیں۔ انہوں نے 2004 سے 2014 تک ملک کی باگ ڈور سنبھالی تھی۔ انہوں نے 2008 میں معاشی کساد بازاری کو بہت اچھے طریقے سے سنبھالا تھا۔ پوری دنیا نے ان کی صلاحیتوں کا لوہا تسلیم کیا تھا۔(جاری)
معلومات کے مطابق سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کی طبیعت جمعرات (26 دسمبر 2024) کو اچانک خراب ہوگئی۔ اس کے بعد انہیں جلد بازی میں دہلی ایمس کے ایمرجنسی وارڈ میں داخل کرایا گیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ سانس لینے میں دشواری محسوس ہونے کے بعد انہیں ایمس لایا گیا، جہاں اس وقت ان کا علاج چل رہا ہے۔(جاری)
خیال رہے کہ وزیر اعظم کی کمان سنبھالنے سے پہلے منموہن سنگھ ہندوستان کے وزیر خزانہ اور فنانس سیکرٹری بھی رہ چکے ہیں۔ نرسمہا راؤ کی حکومت کے دوران معیشت کو ترقی دینے میں ان کا اہم کردار سمجھا جاتا ہے۔ منموہن سنگھ آر بی آئی کے گورنر بھی رہ چکے ہیں۔
0 تبصرے