مسلمانوں کو ریزرویشن دینا چاہتی ہے کانگریس، بی جے پی ایسا کبھی نہیں ہونے دے گی...' راجیہ سبھا میں آئین پر بحث میں امت شاہ کا بیان

 

نئی دہلی : مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے منگل کو راجیہ سبھا میں آئین پر بحث کا جواب دیتے ہوئے کانگریس پر جم کر نشانہ سادھا۔ شاہ نے الزام لگایا کہ کانگریس ریزرویشن کی حد 50 فیصد سے بڑھا کر مسلمانوں کو ریزرویشن دینا چاہتی ہے۔ انہوں نے اسے کانگریس کی خوشامد کی سیاست کا حصہ بتایا اور کہا کہ پارٹی دیگر پسماندہ طبقات یعنی او بی سی کے کوٹہ کو کم کرکے مسلمانوں کے لیے ریزرویشن میں اضافہ کرنا چاہتی ہے۔(جاری)

امت شاہ نے راجیہ سبھا میں کہا کہ ’’میں ملک کے لوگوں کو بتانا چاہتا ہوں کہ ملک کی دو ریاستوں میں مذہب کی بنیاد پر ریزرویشن موجود ہے… جو کہ غیر آئینی ہے۔ آئین میں واضح کیا گیا ہے کہ مذہب کی بنیاد پر کوئی ریزرویشن نہیں ہوگا۔ لیکن جب دونوں ریاستوں میں کانگریس کی حکومت تھی تو مذہب کی بنیاد پر ریزرویشن دیا گیا‘‘۔(جاری)

مرکزی وزیر داخلہ نے یہ بھی کہا کہ ’’وہ (کانگریس) او بی سی کی کوئی فلاح نہیں چاہتے ہیں، وہ 50 فیصد کی حد بڑھا کر مسلمانوں کو ریزرویشن دینا چاہتے ہیں ۔ لیکن آج میں ایک بار پھر اس ایوان میں ذمہ داری کے ساتھ کہتا ہوں کہ جب تک بی جے پی کا ایک بھی رکن پارلیمنٹ ہے، ہم مذہب کی بنیاد پر ریزرویشن نہیں ہنے دیں گے‘‘۔(جاری)

امیت شاہ نے کہا کہ کانگریس نے آئین کو ایک خاندان کی ذاتی ملکیت سمجھ لیا تھا اور اقتدار میں رہنے کے لیے اس میں ترمیم کی۔ انہوں نے کانگریس پر ریزرویشن مخالف ہونے کا الزام لگایا اور کہا کہ اس نے کبھی بھی پسماندہ طبقات کے مفاد میں کام نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ ’’مسلم پرسنل لا لانا ملک میں خوشامد کی سیاست کا آغاز تھا۔ کانگریس کو واضح کرنا چاہئے کہ کیا وہ مسلم پرسنل لا کی حمایت کرتی ہے‘‘۔

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے