چھتیس گڑھ کے بیجاپور ضلع میں نکسلیوں نے ایک خاتون کو پولس مخبر ہونے کے شبہ میں قتل کر دیا۔ خاتون کی عمر 40 سال تھی۔ پولیس کے مطابق یہ واقعہ ہفتہ کے روز مڈڈ تھانہ علاقہ کے لدید گاؤں میں پیش آیا، جب نکسلیوں نے یالم سکرا نامی ایک خاتون کو اغوا کیا، اسے قریبی پہاڑی پر لے گئے اور گلا دبا کر قتل کردیا۔ خاتون کی لاش کو بعد میں علاقے میں پھینک دیا گیا۔(جاری)
پولیس نے موقع سے نکسلیوں کی حمایت میں علاقائی کمیٹی کا ایک پرچہ برآمد کیا، جس میں خاتون پر 2017 سے پولیس مخبر کے طور پر کام کرنے کا الزام لگایا گیا تھا۔ حکام نے بتایا کہ اس قتل کے بعد پولیس نے حملہ آوروں کی تلاش کے لیے آپریشن شروع کر دیا ہے۔
اس واقعہ کے ساتھ ہی بیجاپور اور آس پاس کے 7 اضلاع میں اس سال اب تک نکسلیوں نے 60 سے زیادہ لوگوں کو ہلاک کیا ہے۔ ان میں سے کچھ قتل پولیس کے مخبر ہونے کے شبہ میں کیے گئے تھے۔ حال ہی میں 6 دسمبر کو بیجاپور کے باسا گوڈا علاقے میں ایک خاتون آنگن واڑی اسسٹنٹ کا بھی قتل کر دیا گیا تھا اور 4 دسمبر کو بیجاپور کے مختلف مقامات پر دو سابق سرپنچوں کا قتل کر دیا گیا تھا۔(جاری)
آنگن واڑی سیویکا کا قتل
اس سے پہلے نکسلیوں نے 45 سالہ آنگن واڑی اسسٹنٹ لکشمی پدم کو پولس مخبر ہونے کے شبہ میں قتل کر دیا تھا۔ پولیس حکام کے مطابق یہ واقعہ جمعہ کی رات بیجاپور ضلع کے باسا گوڈا تھانہ علاقہ کے تحت تیما پور گاؤں میں پیش آیا۔ ابتدائی معلومات کے مطابق کچھ نامعلوم نکسلی لکشمی کے گھر میں داخل ہوئے اور اس کے گھر والوں کے سامنے اس کا گلا دبا کر قتل کر دیا۔ قتل کے بعد نکسلی لاش کو صحن میں چھوڑ کر فرار ہو گئے۔ لکشمی کا شوہر پہلے ہی فوت ہو چکا تھا۔ (جاری)
واقعے کے بعد پولیس نے لاش کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا۔ پولیس کو موقع سے نکسلیوں کی حمایت میں ایریا کمیٹی کی طرف سے جاری کردہ ایک پمفلٹ ملا، جس میں لکشمی پر پولیس کی مخبر ہونے کا الزام لگایا گیا تھا۔ حکام نے بتایا کہ پولیس نے اس معاملے میں کیس درج کر لیا ہے اور حملہ آوروں کی تلاش شروع کر دی ہے۔
0 تبصرے