اگر مسلمانوں کو کسی نے بھی آنکھ دکھایا تو بخشیں گے نہیں ! ۔۔ افطار پارٹی میں پہنچے اجیت پوار ۔۔

 

ممبئی: نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی ) کے رہنما اور مہاراشٹر کے ڈپٹی سی ایم اجیت پوار آج ایک افطار پارٹی میں شریک ہوئے۔ اپنے خطاب میں، انہوں نے رمضان کو بھائی چارے کا پیغام دینے والا مہینہ قرار دیا اور مسلم سماج کے لوگوں کو یقین دلایا کہ اگر کوئی انہیں آنکھ دکھائے گا تو وہ اسے نہیں بخشیں گے۔(جاری)

کسی بھی حالت میں معاف نہیں کریں گے

اجیت پوار نے کہا کہ جو بھی مسلم بھائیوں کو آنکھ دکھائے گا، دو گروہوں کے درمیان تصادم بھڑکائے گا، قانون و انتظام میں خلل ڈالے گا، یا قانون کو اپنے ہاتھ میں لینے کی کوشش کرے گا، چاہے وہ کوئی بھی ہو، اسے کسی بھی حالت میں نہیں بخشا جائے گا اور نہ ہی معاف کیا جائے گا۔ نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (اجیت پوار گروپ) کی جانب سے ممبئی کے اسلام جمخانہ میں مسلمانوں کے مقدس مہینے رمضان کے موقع پر افطار پارٹی کا انعقاد کیا گیا تھا۔ اس موقع پر اجیت پوار، پرفل پٹیل، سنیل تٹکری، چھگن بھجبل، سنا ملک، نواب ملک سمیت پارٹی کے دیگر سینئر رہنما موجود تھے۔ اس موقع پر بڑی تعداد میں مسلم سماج کے افراد بھی شریک تھے۔(جاری)

رمضان اتحاد اور بھائی چارے کا پیغام دیتا ہے

اجیت پوار نے یہ بھی کہا کہ رمضان کسی ایک مذہب تک محدود نہیں ہے۔ یہ ہمیں اتحاد اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے اور ضرورت مندوں کی تکلیف کو سمجھنے کی ترغیب دیتا ہے۔ بھارت تنوع میں اتحاد کی علامت ہے۔قابل ذکر ہے کہ حال ہی میں اجیت پوار نے اپنے کابینی ساتھی نیتیش رانے کے مسلمانوں کے بارے میں دیے گئے بیان کو "گمراہ کن" قرار دیا تھا اور ریاست کے رہنماؤں کو تحمل برتنے کا مشورہ دیا تھا۔ بی جے پی رہنما نیتیش رانے نے حال ہی میں یہ بیان دیا تھا کہ مسلمان چھترپتی شیواجی مہاراج کی فوج کا حصہ نہیں تھے۔ جب نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی ) کے سربراہ اجیت پوار سے رانے کے اس تبصرے کے بارے میں سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ رہنماؤں کو یہ دھیان رکھنا چاہیے کہ ان کے عوامی بیانات سے فرقہ وارانہ کشیدگی پیدا نہ ہو۔


ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے