ہندو راشٹر بنانے کی مانگ کو لیکر ہزاروں لوگ اتر آئے سڑکوں پر ! ۔۔

 

پڑوسی ملک نیپال میں یوگی آدتیہ ناتھ کی خوب چرچا ہو رہی ہے۔ ملک کے دارالحکومت کاٹھمنڈو کی سڑکوں پر ہزاروں افراد نے اتر کر یوپی کے وزیر اعلیٰ کی تصویر والے پوسٹر لہرائے۔ راج شاہی کے حامیوں نے ملک کے سابق بادشاہ گیانندر شاہ کی واپسی اور نیپال کو دوبارہ ہندو راشٹر بنانے کے مطالبے کو لے کر نعرے لگائے۔(جاری)

نیپال میں سیاست بدلی بدلی سی نظر آ رہی ہے۔ یہاں ہندو راج شاہی کے حق میں بڑی تعداد میں لوگ کھڑے ہو رہے ہیں۔ مانا جاتا ہے کہ چین نواز ماؤنواز تحریک نے 2006 میں بادشاہ گیانندر کا اقتدار ختم کر دیا تھا، جس کے بعد نیپال میں کمیونسٹ حکومت بن گئی۔ پہلے پشپ کمل دہل پرچنڈ اور پھر کے پی شرما اولی نے اقتدار سنبھالا۔ اب ایک بار پھر بادشاہت کی واپسی کی چہ مگوئیاں تیز ہو رہی ہیں۔(جاری)

نیپال کو دوبارہ ہندو راشٹر بنانے کے لیے گیانندر شاہ کافی عرصے سے مہم چلا رہے ہیں۔ وہ پوکھرا سے کاٹھمنڈو پہنچے، جہاں تری بھون انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے باہر نکلتے ہی ان کے حامیوں نے جلوس نکالا۔ اس ریلی میں ایک حیران کن منظر دیکھنے کو ملا، جہاں کچھ نوجوانوں نے بادشاہ گیانندر شاہ کے ساتھ ساتھ یوپی کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی تصاویر والے پوسٹر بھی لہرائے۔(جاری)

سابق بادشاہ گیانندر شاہ نے رواں سال جنوری میں اتر پردیش کا دورہ کیا تھا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق، اس دوران انہوں نے یوپی کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ سے ملاقات بھی کی تھی۔ کاٹھمنڈو میں ہونے والے مظاہرے میں گیانندر شاہ کی تصویر، نیپالی قومی پرچم کے ساتھ یوگی آدتیہ ناتھ کی تصویر بھی نظر آئی۔ تاہم، یوگی کی تصویر کے استعمال پر نیپالی وزیر اعظم کے پی اولی نے نکتہ چینی کی ہے۔


ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے